واشنگٹن : امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے تین سابق امریکی انٹیلی جنس آپریٹیو پر متحدہ عرب امارات کے لیے ہیکنگ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔رائٹرز کے مطابق تین افراد ، مارک بائیر ، ریان ایڈمز اور ڈینیل کریگ ، پروجیکٹ ریوین نامی خفیہ یونٹ کا حصہ تھے جس نے متحدہ عرب امارات کو اس کے دشمنوں کی جاسوسی میں مدد کی۔ ان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے امارات کیلئے کام کرنے کے دوران ہیکنگ قوانین کو توڑا اور حساس فوجی سازوسامان بھی خفیہ معاہدے کے تحت امارات کو بیچا۔2019 کی رپورٹس کے مطابق 2017 میں جب امارات معہ اس کے اتحادیوں اور قطر کے مابین تنازعہ کھڑا ہوا تھا۔ تب ان ہیکرز نے متحدہ عرب امارات کیلئے بی بی سی کے میزبان ، الجزیرہ کے چیئرمین اور دیگر اہم عرب میڈیا شخصیات کی امارات کیلئے جاسوسی کی تھی۔تاہم امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی نوعیت کیا ہے، یہ واضح نہیں ہوسکا ہے۔