واشنگٹن، 16 جولائی (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈونیشیا کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت امریکہ، انڈونیشی مصنوعات پر عائد مجوزہ 32 فیصد ٹیرف کم کر کے 19 فیصد کر دے گا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق یہ معاہدہ انڈونیشیا کی جانب سے امریکی ہوائی جہاز، توانائی اور زرعی اجناس کی خریداری میں اضافے پر مشتمل ہے ، جس کا مقصد جکارتہ کے حق میں موجود تقریباً 18 ارب ڈالر کے تجارتی خسارے کو متوازن بنانا ہے ۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ معاہدے میں انڈونیشیا کی جانب سے 15 ارب ڈالر مالیت کی امریکی توانائی مصنوعات کی خریداری شامل ہے ، تاہم انہوں نے تفصیلات نہیں بتائیں۔انڈونیشیا کی سرکاری توانائی کمپنی پرٹامینا نے بتایا کہ اس نے کئی امریکی کمپنیوں کے ساتھ یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں تاکہ خام تیل اور فیڈ اسٹاک کی خریداری کو بہتر بنایا جا سکے ، ان معاہدوں میں ریفائنری کے شعبے میں تعاون کے امکانات کا جائزہ بھی شامل ہے ۔گزشتہ ہفتے رائٹرز نے رپورٹ کیا تھا کہ معاہدے میں امریکی کمپنیوں ایکسن موبل اور شیورون سے خریداری شامل ہو گی۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ انڈونیشیا 4.5 ارب ڈالر مالیت کی امریکی زرعی اجناس خریدے گا، گزشتہ ہفتے انڈونیشیا کی ویٹ فلور ملز ایسوسی ایشن نے امریکی ہم منصبوں کے ساتھ تقریباً 1.25 ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے تھے ، جس کے تحت 2026 سے 2030 تک ہر سال کم از کم 10 لاکھ میٹرک ٹن امریکی گندم خریدی جائے گی۔رائٹرز کے مطابق اس معاہدے میں فوری نوڈلز بنانے والی بڑی کمپنی انڈوفوڈ کی خریداری بھی شامل ہے ، جبکہ امریکی کمپنیاں جن سے خریداری ہو گی ان میں کارگل، بنج گلوبل، پیسیفکور، آرچر-ڈینیئلز-میڈلینڈ، کولمبیا گرین انٹرنیشنل اور یونائیٹڈ گرین کارپوریشن شامل ہیں۔