واشنگٹن ۔ 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کوروناوائرس مریضوں کے علاج کیلئے ہندوستان کو عطیہ والے 100 وینٹی لیٹرس کی پہلی کھیپ آئندہ ہفتے بھیجے گا، صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وزیراعظم نریندر مودی کو کانفرنس کال کے دوران یہ بات بتائی۔ وائیٹ ہاؤس نے کہا کہ ٹرمپ نے مودی سے منگل کو بات کی اور دونوں قائدین نے G-7 سمٹ، کوویڈ۔19 سے متعلق اقدامات اور علاقائی سلامتی کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی صدر نے اعلان کیا کہ واشنگٹن کی طرف سے ہندوستان کیلئے عطیہ کئے جانے والے 100 وینٹی لیٹرس کی پہلی کھیپ آئندہ ہفتے بھیجی جائے گی۔ ہندوستان نے قبل ازیں ایچ سی کیو کی کھیپ امریکہ بھیجی تھی۔