امریکہ کا روس پر کورونا وائرس سے متعلق افواہ پھیلانے کاالزام

   

نیویارک،23فروری(سیاست ڈاٹ کام)امریکہ نے الزام لگایا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متعلق غلط اطلاعات پھیلانے کے پیچھے روس کا ہاتھ ہے ۔غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ روس سے تعلق رکھنے والے ہزاروں سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے مشترکہ مہم شروع کی ہے جس میں یہ کہا جارہا کہ کورونا وائرس کو دنیا میں پھیلانے میں امریکہ کا ہاتھ ہے ، مہم کا مقصد دنیا بھر میں امریکہ کی شناخت کو متاثر کرنا ہے ۔امریکہ حکام کا کہنا تھا کہ روس کی جانب سے سوشل میڈیا پر مختلف زبانوں میں کورونا وائرس سے متعلق تشویش پھیلائی جارہی ہے ۔سوشل میڈیا کے کچھ اکاؤنٹس میں یہ بھی غلط دعویٰ کیا جارہا ہے کہ کورونا وائرس امریکی ایجنسی سی آئی اے کا تیارہ کردہ بیالوجیکل ہتھیار ہے جس سے امریکہ چین کے خلاف معاشی جنگ لڑرہا ہے ۔امریکی حکام کے مطابق روسی مہم کی وجہ سے کورونا وائرس کے خاتمہ کیلئے عالمی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے ۔