غزہ میں اب’ بچانے ‘کو کچھ نہیں بچا اس لئے امریکہ وہاں ’کچھ اچھا‘ کرنا چاہتا ہے۔قطر میں تجارتی گول میز کانفرنس سے ٹرمپ کا خطاب
دوحہ، 16 مئی (یو این آئی) قطر میں ایک بزنس راؤنڈ ٹیبل سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ غزہ کی پٹی کو آزادی زون بنانے کے لیے تیار ہے ۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ میں اب بچانے کو کچھ نہیں بچا، اس لیے امریکہ وہاں کچھ اچھاکرنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں نے فضائی تصاویر دیکھی ہیں، جہاں کوئی عمارت کھڑی نہیں بچی۔ لوگ ملبے کے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، جسے قبول نہیں کیا جاسکتا۔امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو میں فخر سے کہوں گا کہ امریکہ غزہ کو سنبھالے اور اسے ایک آزادی زون بنائے ، جہاں مثبت تبدیلی آئے ۔دوسری جانب ٹیرف معاملے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ کی گرتی ہوئی عوامی مقبولیت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا۔امریکی سروے رپورٹ کے مطابق ریپبلکن ووٹرز کی اکثریت صدر ٹرمپ کے اقدامات سے مطمئن ہے ، تازہ سروے میں معیشت اور مہنگائی سے متعلق عوام کی پریشانی میں کمی نظر آئی ہے ۔ٹرمپ کا کہنا ہے کہ معاشی مسائل کی وجہ بائیڈن دور کی ناکام پالیسیاں ہیں، سروے رپورٹس میں 44 فیصد افراد نے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کی حمایت کی ہے ۔یاد رہے کہ ٹرمپ نے صدر بنتے ہی درجنوں متنازعہ ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کیے ہیں جس کی وجہ سے ان پر تنقید بھی کی جارہی تھی۔جس کے بعد اپریل میں امریکی صدرکی بطور صدر عوامی حمایت میں واضح کمی ہوگئی اور مقبولیت کم ترین سطح پر آگئی تھی اور ان کی مقبولیت کم ہو کر 42 فیصد رہ گئی تھی۔گزشتہ سروے میں شامل 57 فیصد افراد نے امریکی صدر کی جانب سے یونیورسٹیوں کی فنڈنگ روکنے کی مخالفت کی تھی، جبکہ 59 فیصد افراد نے کہا کہ امریکہ عالمی سطح پر اپنی ساکھ کھو رہا ہے ۔سروے میں شامل 75 فیصد افراد کی رائے تھی کہ ٹرمپ کو تیسری بار صدر بننے کی کوشش بھی نہیں کرنی چاہیے ۔
ڈونالڈ ٹرمپ کے خلیجی دورہ کا اختتام
ریاض / ابوظہبی / دوحہ : 16 مئی ( ایجنسیز ) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ بہت جلد روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے ملنا چاہیں گے۔عرب نیوز کے مطابق جمعہ کو متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں ایک بزنس راؤنڈ ٹیبل کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ روسی صدر سے ملنا چاہیں گے ’جتنی جلد اس کی تیاری ہو سکے۔‘انہوں نے ترکیہ میں روس اور یوکرین کے درمیان امن مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ ’دیکھتے ہیں کہ روس اور یوکرین کا کیا بنتا ہے۔‘امریکی صدر نے صحافیوں سے گفتگو میں اپنی انتظامیہ کی غزہ کے حوالے سے صورتحال پر نظر ہونے کی بھی بات کی اور کہا کہ وہ ’دیکھ رہے ہیں۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری غزہ پر نظر ہے۔ اور ہم اْن کا خیال رکھنے جا رہے ہیں۔ بہت زیادہ لوگ بھوک کا شکار ہیں۔‘اپنے خلیج کے دورے کے اختتام پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے 1.4 کھرب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری کے معاہدے کیے ہیں۔خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے مشرق وسطیٰ کا ایک ’ناقابل یقین‘ دورہ کیا ہے لیکن یہ کہ ’اب گھر واپس جانے کا وقت ہے۔
ٹرمپ کی گرتی ہوئی عوامی مقبولیت میں اضافہ
واشنگٹن، 16 مئی (یو این آئی)مشرق وسطی کے دورہ کے دوران ٹیرف معاملے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ کی گرتی ہوئی عوامی مقبولیت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا۔امریکی سروے رپورٹ کے مطابق ریپبلکن ووٹرز کی اکثریت صدر ٹرمپ کے اقدامات سے مطمئن ہے ، تازہ سروے میں معیشت اور مہنگائی سے متعلق عوام کی پریشانی میں کمی نظر آئی ہے ۔ٹرمپ کا کہنا ہے کہ معاشی مسائل کی وجہ بائیڈن دور کی ناکام پالیسیاں ہیں، سروے رپورٹس میں 44 فیصد افراد نے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کی حمایت کی ہے ۔یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر بنتے ہی درجنوں متنازع ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کیے ہیں جس کی وجہ سے ان پر تنقید بھی کی جارہی تھی۔جس کے بعد اپریل میں امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی بطور صدر عوامی حمایت میں واضح کمی ہوگئی اور مقبولیت کم ترین سطح پر آگئی تھی اور ان کی مقبولیت کم ہو کر 42 فیصد رہ گئی تھی۔