امریکہ کا فائنل میں نیدرلینڈ سے مقابلہ

   

لیون ۔ 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فیفا وومنس ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں نیدرلینڈ نے اپنے شاندار مظاہروں کے سلسلہ کو برقرار رکھتے ہوئے سوئیڈن کے خلاف 1-0 کی کامیابی حاصل کی۔ نیدرلینڈ کیلئے سیمی فائنل میں واحد اور فیصلہ کن گول جیکی گرونین نے بنایا۔ دوسرے سیمی فائنل میں دونوں ہی ٹیموں نے مقررہ 90 منٹوں میں ایک دوسرے کے خلاف گول بنانے کی بہترین کوشش کی لیکن دونوں ہی ٹیموں کے کھلاڑی فیصلہ کن گول بنانے میں ناکام رہے۔ مقررہ وقت میں مقابلہ بغیر گول کے برابر رہنے پر اضافہ وقت دیا گیا جس میں 99 ویں منٹ میں جیکی نے گول بناتے ہوئے سوئیڈن کی امیدوں کو ختم کردیا۔ قبل ازیں پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چمپئن امریکہ نے انگلینڈ کو اعصاب شکن میچ میں شکست دی اور آٹھویں ویمنز ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنمنٹ کے فائنل میں پہنچ گئی۔تفصیلات کے مطابق امریکہ کی خاتون فٹ بال ٹیم نے پہلے سیمی فائنل میچ میں اعصاب شکن میچ کے بعد انگلینڈ کو 1-2گول سے مات دیدی اور میگا ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ امریکی ٹیم کی فتح میں پریس اور مورگن نے فی کس ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ امریکی ٹیم نے میچ کے شروع سے ہی حریف ٹیم پر دھاک بٹھائی۔ امریکی اسٹرائیکر کھلاڑی پریس نے میچ کے 10 ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برطانوی ٹیم پر 0-1 کی برتری دلا دی۔ برطانوی ٹیم کی طرف سے کھیل میں کچھ تیزی نظر آئی اور میچ کے 19 ویں منٹ میں انگلش کھلاڑی ٹونی وائٹ نے گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کردیا۔امریکی کھلاڑی الیگزینڈرا مورگن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو انگلینڈ پر ایک مرتبہ پھر برتری دلائی اور مقابلہ 2-1 کر دیا۔ میچ کے ہاف پر امریکی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف 2-1 کی برتری حاصل تھی۔دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے تاہم کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔