امریکہ کا وینزویلا میں منشیات بردار کشتی پر حملہ،11ہلاک

   

کراکس : 3 ستمبر ( ایجنسیز ) امریکہ نے وینزویلا کے ساحل کے قریب منشیات بردارکشتی پر حملہ کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی امریکی ملک وینزویلا سے منشیات بردارکشتی روانہ ہوئی جسے امریکی فوجیوں نے نشانہ بنایا۔کشتی حملے کی وجہ سے مکمل تباہ اور کشتی میں سوار 11 منشیات فروش بھی ہلاک ہوگئے۔اس حوالے سے امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ منگل کو ہونے والی امریکی فوجی کارروائی میں وینزویلا کے گینگ ٹرین ڈی آراگوا کے ارکان کو نشانہ بنایا گیا، یہ جہاز بین الاقوامی پانیوں میں تھا اور امریکہ کے لیے غیر قانونی منشیات لے جا رہا تھا۔


افغانستان زلزلہ متاثرین کیلئے
چینی امداد
بیجنگ : 3ستمبر ( یو این آئی ) چین کی جانب سے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لیے امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق افغانستان میں چینی سفارتخانے نے جاری کیے گئے بیان میں بتایا کہ چین نے افغانستان کے زلزلے سے متاثرہ شہریوں کیلئے امداد بھیجی ہے، یہ امداد زلزلہ متاثرین کی فوری ضروریات پوری کرنے کے لیے بھیجی گئی ہے۔چینی سفارتخانے کے مطابق زلزلے سے متاثر افغانستان کے صوبے کنڑ اور ننگر ہار میں امدادی کارروائیاں اور ملبے تلے دبے لوگوں کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔