امریکہ :کوروناوائرس سے 150افراد کی موت 9300 سے زیادہ متاثر

   

واشنگٹن، 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں جان لیوا کورونا وائرس کے کیس مسلسل بڑھتے جارہے ہیں اور اس وائرس کی زد میں آنے سے اب تک 150 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ دو امریکی ممبران پارلیمنٹ سمیت 9300 لوگوں کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔امریکی کانگریس کے فلوریڈا سے ریپبلکن ہاؤس کے نمائندے ماریو ڈیازبالارٹ نے چہارشنبہ کو کہا کہ کورونا وائرس کے لئے کرائے گئے ان کا ٹسٹ مثبت آیا ہے ۔ ہفتے کی شام بخار اور سر درد کی علامات کو دیکھتے ہوئے ان کی جانچ کرائی گئی تھی، جس کے بعد انہیں اپارٹمنٹ میں الگ رکھا گیا ہے ۔ ڈیازبالارٹ نے ٹوئٹ کرکے کہا‘‘میں چاہتا ہوں کہ ہر کوئی یہ جان سکے کہ میں ٹھیک محسوس کر رہا ہوں’’۔ڈیموکریٹک کانگریس پارٹی کے ایم پی بین میک ایڈمز کا گزشتہ ہفتہ کو کورونا وائرس جیسے علامات کے بعد کیا گیا ٹسٹ مثبت آیا ہے ۔ 45سالہ میک ایڈمز نے کہا کہ علامات کے بعد انہیں گھر میں فوری طور پر الگ کر دیا گیا۔ میری حالت خراب تھی اور مجھے بخار، خشک کھانسی اور سانس لینے میں پریشانی ہو رہی تھی۔دریں اثنا صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چہارشنبہ کو کوروناوائرس کے ایک ریلیف پیکیج پر دستخط کئے ، جسے سینیٹ نے منظور کرلیا۔ اس پیکیج سے 500 یا اس سے زیادہ ملازمین والی کمپنیوں کے ملازمین کو مفت ٹسٹ اور ادائیگی میں مدد ملے گی۔