امریکہ کورونا وائرس سے متاثرہ تیسرا بڑا ملک

   

جنیوا 23مارچ(سیاست ڈاٹ کام ) جان لیوا عالمی وبا سے دوچار چین اور اٹلی کے بعد اب امریکہ وائرس سے متاثرہ تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے ۔عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 22 مارچ تک دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ سے زائد ہوگئی تھی۔صرف امریکہ میں گزشتہ روز یعنی اتوار تک 13 ہزار 931 نئے کیسز آنے سے وہاں مجموعی طورپر 38 ہزار 138 متاثرین ہوگئے تھے ۔ امریکہ میں وائرس سے متاثرہ 708 کی حالت نازک ہے اور سانس کی اس مہلک بیماری سے 396 افراد پہلے ہی دم توڑ چکے ہیں جن میں 94 نئی اموات بھی شامل ہیں۔اگر امریکہ کی بات کریں تو مختلف امریکی ٹیلی ویژن چینلز پر طبی ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد زیادہ ہوسکتی ہے کیونکہ کورونا وائرس کی کم علامات والے افراد اپنی بیماری کے بارے میں رپورٹ نہیں کررہے ۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق تقریباً 80 فیصد مریض بیرونی مدد کے بغیر صحت یاب ہوئے ہیں لیکن اس وائرس سے بیمار اور بوڑھے افراد کو زیادہ خطرہ ہے ۔دوسری جانب امریکہ میں وفاقی حکومت نے ریاستوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ لوگوں کو گھر میں رہنے کی ہدایت کریں اور اگر وہ ایسا کریں گے تو انہیں مالی اور انتظامی مدد فراہم کی جائے ۔اس ضمن میں امریکی حکومت نے نیو یارک، کیلیفورنیا، ایلی نوائے اور اوریگون میں گھروں میں رہنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے ۔