امریکہ : کورونا وائرس سے 960 نئی اموات

   

واشنگٹن 31 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ میں کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور آج ایک دن میں جملہ 960 افراد کورونا سے فوت ہوئے ہیں۔ اس طرح امریکہ میں اب تک اس وائرس کی وجہ سے فوت ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 103,758 تک جا پہونچی ہے ۔ جان ہاپکنس یونیورسٹی کے تازہ اعداد و شمار میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ امریکہ میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جملہ 17,69,776 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ یہاں متاثرین کی تعداد دنیا کے دوسرے ممالک سے کہیں زیادہ ہے ۔ امریکہ میں مہلوکین کی تعداد میں ایسے وقت میں اضافہ ہو رہا ہے جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو عالمی تنظیم صحت سے تعلقات منقطع کرلئے جانے پر عوامی برہمی کا بھی سامنا ہے ۔ ٹرمپ نے ابتداء میں عالمی تنظیم صحت کی فنڈنگ گذشتہ مہینے روکنے کا اعلان کیا تھا اور اس پر الزام عائد کیا تھا کہ تنظیم نے کورونا وائرس کو ابتدائی مراحل ہی میں روک تھام کیلئے اقدام نہیں کئے تھے ۔ دو دن قبل صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ عالمی تنظیم صحت کے ساتھ تعلقات کو منقطع کر رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ عالمی تنظیم صحت کو امریکہ ہی سب سے زیادہ فنڈز فراہم کرتا تھا ۔