واشنگٹن ۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں کوویڈ۔19 کے کیسز کی تعداد 20لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکہ میں اس عالمی وبا کو مانیٹر کرنے والی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق کم ازکم 19 ریاستوں میں اس وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ نوٹ کیا جا رہا ہے۔ امریکہ میں اس وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد تقریبا ایک لاکھ 12 ہزار ہو چکی ہے۔ ادھر امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے طبی مشیروں کے لاک ڈاؤن مطالبات کے باوجود کورونا پابندیوں میں نرمی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ دنیا بھر میں اس وبا سے متاثر ہونے والوں ممالک میں امریکہ سرفہرست ہے۔واضح رہیکہ کورونا انفیکشن سے ہونے والی ہلاکتوں کے معاملہ میں بھی امریکہ دنیا بھر میںسرفہرست ہے جبکہ برطانیہ دوسرے اور برازیل تیسرے مقام پر ہے۔