نیویارک ۔ 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ذرائع ابلاغ نے بعض سرکاری اہلکاروں کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کرونا کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر افغانستان سے امریکی فوج کا جلد انخلا چاہتے ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے ‘این بی سی نیوز’ میں پیر کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ تقریباً روزانہ اپنے مشیروں سے افغانستان میں کرونا کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر فوج کے حوالے سے فکر مندی کا اظہار کر رہے ہیں اور کرونا کے پھیلاؤ کو افغانستان میں موجود امریکی فوج کے لیے خطرہ قرار دے رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کے یہ تحفظات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکہ اور طالبان کے درمیان رواں سال فروری میں طے پانے والے امن معاہدے پر عمل درآمد میں سست روی پر بھی امریکی حکام تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ افغانستان میں تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات اور اس صورتِ حال میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ افغانستان سے امریکی فوج کے جلد انخلا کا پیش خیمہ ہو سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق مذکورہ وجوہات کی بنا پر ہی صدر ٹرمپ جلد از جلد افغانستان سے فوج کے انخلا پر اصرار کر رہے ہیں۔ لیکن حکام نے صدر ٹرمپ کو بتایا ہے کہ اگر اسی بنیاد پر فوج کا انخلا کرنا مقصود ہے تو اٹلی جیسے ملک سے بھی فوج واپس بلانا پڑے گی جہاں وبا نے زیادہ شدت سے پنجے گاڑ رکھے ہیں۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کابل کے سیاسی تنازع کی وجہ سے صدر ٹرمپ کو مایوسی ہوئی ہے۔