نیویارک : اقوام متحدہ کے خصوصی قاصد نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کو یقینی بنانے کے لیے امریکہ کو اپنے قوانین کا جائزہ لے کر ترامیم کرنا ہوں گی۔میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے خصوصی قاصد برائے اقلیتی امور فرنانڈ ویرینس نے کہا کہ امریکہ کی چند ریاستوں کی جانب سے لیے گئے اقدامات جمہوریت کو کمزور کر سکتے ہیں۔ خصوصی قاصد نے امریکہ کے دو ہفتوں پر مشتمل دورے کے اختتام پر پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ امریکہ کو ’نئی ڈیل‘ کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ ان جمہوری ممالک میں سب سے آگے ہے جہاں اقلیتوں کے حقوق کو تسلیم کرنے اور ان کے تحفظ کے لیے نامکمل قانون سازی کی گئی ہے۔خصوصی قاصد نے کہا کہ امریکہ کے 60 سال پہلے بنائے گئے قوانین غیر متوازی ہیں جن کے باعث بالخصوص اقلیتوں کو بڑھتے ہوئے عدم مساوات، امتیازی سلوک، نفرت انگیز بیانات اور جرائم کا سامنا ہے، یہاں تک کہ انہیں بے دخل کیا جا رہا ہے۔فرنانڈ ویرینس نے ایشیائی امریکیوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات سے نمٹنے کے لیے امریکی حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ افریقی نژاد امریکی کمیونٹی کو سب سے زیادہ نظر انداز کیا جاتا ہے۔انہوں نے افریقی نڑاد امریکی کمیونٹی سے متعلق کہا کہ ’عین ممکن ہے کہ انہیں وفاقی اور ریاستی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق نہ دیا جائے، نظر بند کیے جائیں، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز بیانات کا نشانہ بنائے جائیں، اور اکثر جگہوں پر غیر متناسب طور پر بے دخل کیے جائیں۔‘