امریکہ کو بڑا دھکہ ،چین کا ہائپرسونک ایٹمی میزائل تجربہ کامیاب

   

بیجنگ: امریکہ کی جوبائیڈن حکومت کو بڑا جھٹکا لگ گیا، چین نے ہائپر سونک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس سے چین دفاعی طاقت میں امریکہ سے آگے نکل گیا۔برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ چین نے خلا سے ایٹمی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔ ہائپر سونک گائیڈڈ میزائل دنیا میں کسی بھی جگہ اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔اخبار کا کہنا ہے کہ ہائپر سونک میزائل نے اپنے ہدف کو نشانہ بنانے سے قبل دنیا کا چکر لگایا۔ چین کی اعلیٰ درجے کی خلائی صلاحیت نے امریکی انٹیلی جنس کو حیران کردیا ہے۔چین نے ہائپر سونک ہتھیاروں میں حیرت انگیز پیش رفت کی ہے۔برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ چین نے رواں سال ایٹمی ہائپر سونک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔ امریکی ماہر دفاع ٹیلر فریول کا کہنا ہے کہ چینی ٹیکنالوجی امریکہ کے میزائل ڈیفنس سسٹم کو مفلوج کرسکتی ہے جبکہ امریکی دفاعی نظام صرف بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تکنیکی اعتبار سے ہائپر سونک ایڈمی میزائل کو ٹریس اور تباہ کرنا مشکل ہوتا ہے۔ چین کے کامیاب تجربے سے امریکہ کیلئے دفاعی میدان میں نئے چیلنجز سامنے آئے۔