واشنگٹن: امریکہ نے کہا ہے کہ طالبان کی نئی حکومت کے ارکان سے متعلق تشویش ہے تاہم ان کے برتاؤ کی بنیاد پر رائے قائم کی جائے گی۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ طالبان کی جانب سے اعلان کردہ فہرست میں صرف ان کی تحریک کے ارکان یا قریبی ساتھی شامل ہیں جبکہ کسی خاتون کا انتخاب نہیں کیا گیا۔ترجمان نے مزید کہا کہ ’چند افراد کی وابستگیوں اور ماضی میں ادا کیے گئے کردار کے حوالے سے بھی تشویش ہے۔‘ترجمان محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ طالبان نے عبوری کابینہ تشکیل دی ہے تاہم طالبان کے الفاظ کے بجائے اقدامات کی بنیاد پر ان سے متعلق رائے قائم کی جائے گی۔محکمہ خارجہ نے ایک مرتبہ پھر طالبان سے مطالبہ کیا کہ امریکی اور افغان شہریوں کو افغانستان سے نکلنے کے لیے محفوظ راستہ فراہم کیا جائے۔قطر میں موجود امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے منگل کو کہا تھا کہ مسافروں کے پاس مکمل سفری دستاویزات ہونے کی صورت میں طالبان تعاون کر رہے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ ’ہم اپنی توقعات واضح کر چکے ہیں، افغان عوام جامع حکومت کی مستحق ہے۔‘
