امریکہ کی اخلاقی پولیس اور7 ایرانی حکام پرپابندی

   

واشنگٹن: امریکہ نے رواں ہفتے تہران میں 22 سالہ دوشیزہ مہساامینی کے قتل اور اس کے ردعمل میں ملک گیر احتجاجی مظاہروں کے بعد ایران کی اخلاقی پولیس اورسات اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف پابندیاں عاید کردی ہیں۔امریکی وزیرخزانہ جینیٹ ییلین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مہسا امینی ایک بہادر خاتون تھیں۔ان کی ایران کی اخلاقی پولیس کی حراست میں موت ایرانی حکومت کی سکیورٹی فورسز کی اپنے ہی لوگوں کے خلاف سفاکانہ کارروائی کی ایک اور مثال تھی۔انھوں نے اس ناقابلِ قبول عمل کی مذمت کی اور تہران سے مطالبہ کیا کہ وہ خواتین پرتشدد اور مظاہرین کے خلاف جاری پرتشدد کریک ڈاؤن کو ختم کرے۔