اقوام متحدہ۔20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے امریکہ کی ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے جاری کئے گئے اس بیان پر افسوس کیا جہاں یہ کہا گیا تھا کہ امریکہ فلسطینیوں کی سرزمین پر اسرائیلی آبادی بسائے جانے کو غیر قانونی تصور نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اس معاملہ میں اقوام متحدہ کا موقف جوں کا توں ہے۔ سکریٹری جنرل کی ترجمان اسٹیفائی دوجارک نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات اس وقت کہی جب ان سے فلسطینی سرزمین پر اسرائیلی آبادی بسائے جانے کو غیر قانونی نہ سمجھنے پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے بیان سے متعلق استفسار کیا گیا تھا۔ دوجارک نے کہا کہ ہم امریکہ کے اس فیصلہ اور اعلان پر افسوس کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ ا مریکہ نے اپنی پالیسی میں اچانک تبدیلی لاتے ہوئے پیر کے روز یہ اعلان کیا تھا کہ فلسطینی سرزمین پر یہودی آبادی بین الاقوامی قوانین کی مخالفت کرتے ہوئے نہیں بنائی گئی ہے۔
