امریکہ کی افغانستان سے 5000 امریکی فوجیوں کو ہٹانے کی تیاری : رپورٹ

,

   

Ferty9 Clinic

واشنگٹن ۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) طالبان کے ساتھ ابتدائی امن معاہدہ کے تحت امریکہ افغانستان سے اپنے 5000 فوجیوں کو واپس بلانے کی تیاریاں کررہا ہے البتہ اس معاہدہ میں جنگ بندی اور القاعدہ کو کالعدم قراردینے کی مشق بھی شامل ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹ پر اب تک وائیٹ ہاؤس کی جانب سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔ مشہور و معروف امریکی اخبار دی واشنگٹن پوسٹ نے ایک نامعلوم امریکی عہدیدار کے حوالے سے یہ رپورٹ پیش کی ہے جس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ افغانستان میں موجود 14000 امریکی فوجیوں کی تعداد کو کم کرکے 9000 یا 8000 کردے گا۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ابتدائی معاہدہ طالبان کو افغان حکومت کے ساتھ قیام امن کی راست بات چیت کرنے کا متقاضی ہے اور اس معاہدہ کو افغانستان میں قیام امن کیلئے امریکی نمائندہ زلمے خلیل زاد کی کوششوں کا نتیجہ بتایا جارہا ہے۔ خلیل زاد حال ہی میں کابل سے دوحہ روانہ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی نمائندہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ان کا دورہ افغانستان ثمرآور ثابت ہوا ہے۔ اپنے ایک ٹوئیٹ میں انہوں نے کہا کہ فی الحال وہ دوحہ جارہے ہیں اور توقع ہیکہ وہ (خلیل زاد) اسلام آباد میں بھی توقف کریں گے۔ دوحہ میں اگر طالبان اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہیں تو ہم بھی پوری کوششیں کرتے ہوئے معاہدہ کو قطعیت دیں گے۔