واشنگٹن ؍ کابل ۔ امریکی محکمہ خزانہ نے طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے خلاف پابندیوں سے استثنیٰ کے حالیہ اعلان میں توسیع کرتے ہوئے جمعہ کو ایک نیا جنرل لائسنس جاری کیا ہے جس کے تحت افغانستان کے تمام سرکاری اداروں کے ساتھ تجارتی لین دین کی اجازت دی گئی ہے۔ محکمہ خزانہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نیا لائسنس حالیہ مہینوں میں جاری ہونے والا ساتواں لائسنس ہے جو افغانستان اور اس کے سرکاری اداروں سے منسلک تمام ٹرانزیکشنز کی اجازت دیتا ہے جو دوسری صورت میں امریکی پابندیوں کی وجہ سے ممنوع ہوں گی۔ البتہ یہ اب بھی طالبان، حقانی نیٹ ورک، ان سے منسلک اداروں اور محکمہ خزانہ کی جانب سے ممنوعہ افراد کو مالیاتی منتقلی پر پابندی برقرار رکھتا ہے۔ جنرل لائسنس کے اعلان کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایک سینئر انتظامی عہدیدار نے صحافیوں کو بتایا کہ آج بہت سے افغان شہری بھوک اور سردی کا سامنا کر رہے ہیں، لہذا ہم سب کو تیزی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ امریکہ کی جانب سے یہ اقدام محکمہ خزانہ اور افغانستان میں کاروبار کرنے والے نجی شعبہ کے افراد کے درمیان مذاکرات کے بعد سامنے آیا ہے۔یہ لائسنس حالیہ مہینوں میں غیرسرکاری تنظیموں کو دی گئی پابندیوں سے استثنیٰ کا تسلسل ہے۔