امریکہ کی ایران پر حملہ کی منصوبہ بندی ؟

   

واشنگٹن ۔ 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وائیٹ ہاؤس نے گذشتہ سال عراق کے شہر بغداد میں سفارتکاروں کی رہائش گاہوں سے قریب کئے گئے ایران کے حملہ کے جواب میں اب امریکی فوج کشی کا منصوبہ تیار کیا ہے جس سے پنٹگان اور اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ دی وال اسٹریٹ جنرل کی رپورٹ کے مطابق بغداد کے سفارتکاروں کی رہائش گاہوں سے قریب ایک مورٹار حملہ کیا گیا تھا جو ایران کے کسی گروپ سے وابستہ تنظیم کی کارستانی تھی۔ یہ ایسا علاقہ ہے جہاں امریکی سفارتخانہ بھی قائم ہے۔ گذشتہ سال ستمبر میں کئے گئے حملہ میں کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا تھا کیونکہ مورٹار ایک کھلے مقام پر جاگرا تھا لیکن جرنل کی رپورٹ کے مطابق اس معمولی نوعیت کے حملہ کے جواب میں امریکہ شدید طور پر اپنا ردعمل ظاہر کرنا چاہتا ہے جس میں اسلامی جمہوریہ ایران پر حملہ کرنا بھی شامل ہے جبکہ نیشنل سیکوریٹی کونسل نے درخواست کی ہیکہ حملہ کرنے کی بجائے کوئی متبادل راستہ اختیار کیا جائے۔