امریکہ کی حزب اللہ کے حلیفوں پر پابندیاں عائد کرنے کی تیاری

   

Ferty9 Clinic

واشنگٹن ۔ 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے معاون ڈیوڈ شنکر کا کہنا ہے کہ امریکہ لبنان میں حزب اللہ کے حلیفوں پر پابندیاں عائد کر سکتا ہے۔ یہ بیان لبنان کے “جمّال ٹرسٹ بینک” پر امریکی پابندیاں لگائے جانے کے دو ہفتے بعد سامنے آیا ہے۔ڈیوڈ شنکر نے جمعرات کے روز لبنانی ٹیلی ویژن چینل LBC انٹرنیشنل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ مستقبل میں ہم پابندیوں کے ضمن میں فرقے اور مذہب سے قطع نظر ایسے نئے افراد کے ناموں کا اعلان کریں گے جو حزب اللہ تنظیم کی مدد کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ لبنانی پارلیمنٹ میں حزب اللہ کے 13 ارکان کا بلاک ہے جب کہ حکومت میں اس کے 3 وزراء شامل ہیں۔ حزب اللہ لبنانی صدر میشیل عون اور ان کی جماعت “فری نیشنل گروپ” کی حلیف ہے۔ اسی طرح وہ پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری کی شیعہ جماعت امل موومنٹ کی بھی اتحادی ہے۔امریکہ نے ایران نواز حزب اللہ کو 1997 میں دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر لیا تھا۔ حزب اللہ اس وقت شام میں بشار الاسد کی حکومت کے شانہ بشانہ لڑ رہی ہے۔