امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ، 7ہلاک، 16 زخمی

,

   

ٹکساس ۔یکم ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ سے کم از کم سات افراد ہلاک جبکہ کئی زخمی ہو گئے ہیں۔پولیس کے مطابق ہفتے کی دوپہر کم از کم ایک مسلح شخص نے ٹیکساس کے مغربی شہروں مڈ لینڈ اور اوڈیسا کے درمیانی علاقے میں گاڑی چلاتے ہوئے لوگوں پر فائرنگ کی۔اس واقعے کے دوران امریکی پوسٹل سروس کی ایک وین کو بھی اغوا کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ایک سفید فام مشتبہ شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ہے تاہم دوسرے مشتبہ افراد کے بارے میں تفتیش جاری ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے سات افراد کی ہلاکت جبکہ 16 زخمیوں کی تصدیق کی ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرین میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔پولیس کے مطابق حالیہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک پولیس آفیسر نے مڈ لینڈ ہائی وے پر ایک ٹرک کو روکا۔ جس پر ٹرک ڈرائیور نے پولیس آفیسر پر فائرنگ کر دی۔بعد ازاں مشتبہ شخص کو اوڈیسا شہر میں ایک سینما گھر کے باہر فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا گیا۔اوڈیسا پولیس نے واقعے کی تازہ ترین معلومات دیتے ہوئے فیس بک پر لکھا: ’اس وقت کئی لوگ فائرنگ کا نشانہ بنے ہیں۔ مشتبہ شخص نے ڈاک لے جانے والے ایک امریکی ٹرک کو اغوا کیا ہے۔‘مڈلینڈ پولیس نے کہا: ’ہمارا ماننا ہے کہ دو الگ گاڑیوں میں دو شوٹر موجود ہیں۔سنہرے/سفید رنگ کا چھوٹا ٹویوٹا ٹرک اور یو ایس پی ایس پوسٹل وین۔ براہ مہربانی ان علاقوں سے دور رہیں اور گھروں کے اندر ہی رہیں۔تاہم بعد میں انھوں نے لکھا: ’اس بات کی تصدیق ہو چکی ہے کہ متحرک شوٹر کو اوڈیسا میں سینرجی (سینما کمپلیکس) میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ اس وقت کوئی بھی متحرک شوٹر نہیں ہے۔ تمام ایجنسیاں ممکنہ مشتبہ افراد کی اطلاعات کی تحقیقات کر رہی ہیں۔‘