انٹرنیشنل ریلیجن فریڈم 2018ء رپورٹ میں مودی اور بی جے پی کی امیج بگاڑنے کی کوشش کی گئی
نئی دہلی۔ 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) زعفرانی پارٹی نے ہفتہ کو بیان دیا کہ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی 2018ء کی انٹرنیشنل ریلیجن فریڈم رپورٹ شائع ہوئی ہے۔ اس میں بی جے پی اور نریندر مودی کی امیج کو جانبداری سے پیش کیا گیا ہے کیونکہ اس رپورٹ میں اقلیتوں اور کمزور طبقات کے ساتھ جانبداری برتنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ 21 جون کو شائع شدہ رپورٹ میں بی جے پی کے سینئر لیڈرس کو اقلیتوں کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ خاص طور پر مسلمانوں کو گاؤکشی کے الزام میں تمام ہجومی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ بی جے پی میڈیا صدر اور راجیہ سبھا ایم پی انیل بالونی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے خلاف تشدد کی جھوٹی خبریں پھیلائی گئی ہیں جو سراسر غلط ہیں جبکہ ان تشدد کا تعلق مقامی تنازعات سے تھا اور یہ تشدد انہوں نے برپا کیا تھا جو مجرمانہ ذہن رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی بھی اس طرح کا تشدد برپا ہوا، مودی اور بی جے پی کے دیگر قائدین نے اس کی بھرپور مذمت کی اور مودی حکومت مساوات پر مبنی نعرہ ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘‘ کے نظریہ پر یقین رکھتی ہے۔
