امریکہ کی قیادت میں نئی میری ٹائم ٹاسک فورس کا قیام

   

مناما: مشرق وسطیٰ میں امریکہ کی قیادت میں ایک نئی میری ٹائم ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ یہ خطہ میں بین الاقوامی پانیوں میں ایران کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کیلئے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی اس طرح کی پانچویں ٹاسک فورس ہے۔مشترکہ ٹاسک فورس (سی ٹی ایف) 154 کی تشکیل کا اعلان بحرین میں امریکہ کے پانچویں بحری بیڑے کے صدر دفاتر میں سوموار کو منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا ہے۔اس سے پہلے سی ٹی ایف 153 ، اپریل 2022 میں بحیرہ احمر میں میری ٹائم سکیورٹی کیلئے تشکیل دی گئی تھی۔مشترکہ میری ٹائم فورسز (سی ایم ایف) کی دیگر ٹاسک فورسز میں سی ٹی ایف 150 شامل ہے ، جو خلیج عمان اور بحر ہند میں میری ٹائم سکیورٹی پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔ سی ٹی ایف 151 خطے میں انسدادِ قزاقی کی سرگرمیوں کی قیادت کرتی ہے اور سی ٹی ایف 152 خلیج میں سمندری سلامتی کیلئے وقف ہے۔امریکی بحریہ کی مرکزی کمان (نیوسینٹ) نے کہا کہ کثیر قومی شراکت داری کا مقصد خطے میں سمندری (میری ٹائم) سکیورٹی کو بڑھانے کیلئے آپریشنل صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔