امریکہ کی لبنان کو شام سے گیس کے حصول کی اجازت

   

بیروت:لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی کے دفتر نے کہا ہے کہ امریکی سفیر نے لبنانی حکومت سے کہا ہے کہ انہیں خطے کے ممالک سے توانائی کی سپلائی حاصل کرنے کے منصوبوں کے بارے میں امریکی پابندیوں سے متعلق کوئی تشویش نہیں ہونی چاہیے۔میڈیارپورٹس کے مطابقوزیر اعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ سفیر ڈوروتھی شیا نے میقاتی کو امریکی وزارت خزانہ کی طرف سے ایک تحریری مکتوب پیش کیا جس میں انہوں نے لبنانی حکام کو علاقائی توانائی کے معاہدوں کے بارے میں کچھ خدشات کا جواب دیا جس میں لبنان کو اردن اور مصر کے راستے گیس کی سپلائی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔لبنان مصر، اردن اور شام کی طرف سے گذشتہ ستمبر میں طے پانے والے ایک منصوبے کے تحت مصری گیس اردن اور شام کی سرزمین سے پائپ لائنوں کے ذریعے لبنان تک جائے گی جس سے لبنان کی توانائی کی سپلائی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔امریکہ کے حمایت یافتہ اس منصوبہ کا مقصد ایک عرب پائپ لائن کے ذریعہ گیس پمپ کرنا ہے جو تقریبا 20 سال قبل تعمیر کی گئی تھی۔تاہم یہ منصوبہ شامی حکومت پر امریکی پابندیوں کی وجہ سے پیچیدہ ہو گیا جس کی وجہ سے لبنانی حکام نے واشنگٹن سے استشنی کا مطالبہ کیا۔قابل ذکر ہے کہ شام نے کہا تھا کہ وہ لبنان کو گیس فراہم کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے تعاون کے لیے تیار ہے۔