واشنگٹن : امریکہ کی پہلی خاتون وزیرخارجہ میڈلین البرائٹ چل بسی ہیں۔ ان کی عمر 84 سال تھی اور وہ ایک عرصے سے سرطان کے مہلک مرض کا شکار تھیں۔البرائٹ خاندان نے گزشتہ روز ایک بیان میں ان کی موت کی اطلاع دی ہے اور کہا ہے کہ انھوں نے خاندان اور دوستوں کے حصارمیں وفات پائی ہے۔وہ ایک محبت کرنے والی والدہ، دادی اماں ، بہن اور دوست تھیں۔وہ جمہوریت اور انسانی حقوق کی ان تھک چمپئن تھیں۔البرائٹ بچپن میں خاندان کے ہمراہ دوسری عالمی جنگ کے دوران میں اپنے آبائی وطن چیکوسلواکیہ سے نازیوں کے مظالم سے جان بچانے امریکہ پہنچنے میں کامیاب ہوگئی تھیں۔سابق صدر بل کلنٹن نے1993ء میں اپنا منصب سنبھالنے کے فوری بعد اقوام متحدہ میں البرائیٹ کوامریکہ کی سفیر مقرر کیا تھا اور تین سال کے بعد1996ء میں انھیں وزیر خارجہ نامزد کیا تھا۔ اْس وقت وہ امریکی حکومت کی تاریخ میں کسی اعلیٰ ترین عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔