امریکہ کی 3 ریاستوں اوریگن ، کیلیفورنیا اور واشنگٹن میں جنگلاتی آگ ، 30 ہلاک

,

   

درجنوں افراد لاپتہ ، کئی ملین ایکر اراضی اور ہزاروں مکانات جلکر تباہ ، فضاء میں دھویں کے کثیف بادل

واشنگٹن : امریکی مغربی ساحلی ریاستوں میں لگی جنگلاتی آگ تیزی سے بھڑک کر پھیلتی جارہی ہے ۔ اس میں اب تک 30 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ سب سے زیادہ امریکی ریاست اوریگن متاثر ہے جہاں درجنوں افراد لاپتہ ہیں ۔ ہنگامی خدمات انجام دینے والے ایک عہدیدار نے کہا کہ اس ریاست میں تباہی کو دیکھتے ہوئے بڑے پیمانے پر بچاؤ اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ امریکہ کے تین ریاستوں اوریگن ، کیلیفورنیا اور واشنگٹن میں گزشتہ 3 ہفتوں سے جنگلاتی آگ پر قابو پانے کی کوشش ناکام رہی ہے ۔ اس آگ نے اب تک کئی ملین ایکر اراضی کے علاوہ ہزاروں مکانات کو جلاکر خاکستر کردیا ہے ۔ ہزاروں افراد اپنے گھروں سے جان بچاکر بھاگ کھڑے ہوئے ہیں ۔ ڈیموکریٹک کے صدارتی امیدوار جوئے بیڈن نے انتباہ دیا کہ ماحولیاتی تبدیلی انسانی جانوں کیلئے خطرہ بنی ہوئی ہے ۔ موجودہ حالات ہمارے زندگی کیلئے جان لیوا ہیں ۔ انہوں نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر الزام عائد کیا کہ وہ ماحولیا ت کی تبدیلی سے ہونے والے نقصانات کو نظرانداز کررہے ہیں ۔ صدر ٹرمپ جو پیر کو کیلیفورنیا کا دورہ کرنے والے ہیں وہاں کی موجودہ صورتحال سے واقف کروایا گیا ۔ الزام ہے کہ ان جنگلات میں لگی آگ کی اصل وجہ انتظامی کوتاہیاں بتائی گئی ہیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اوریگن ریاست میں آگ نے تباہی مچائی ہے ۔ نیوجرسی کے علاقہ پر محیط یہاں کا علاقہ تباہ ہوچکا ہے ۔ اس آگ سے تین ریاستوں میں کشیف دھواں اٹھ رہا ہے ۔ فضاء میں دھویں کے کالے بادل دیکھے جارہے ہیں ۔ اوریگن کے سب سے بڑے شہر پورٹ لینڈ میں فضائی آلودگی خطرے کے نشان کو پہنچ گئی ہے ۔ اس کے بعد سان فرانسسکو اور سیاٹل میں بھی دھویں نے شہریوں کو مضطرب کردیا ہے ۔ اوریگن میں آگ بجھانے کیلئے 16 بڑی آگ بجھانے والی مشنری کو مصروف کردیا گیا ہے ۔ 40 ہزار افراد کو یہاں سے محفوظ مقامات کو منتقل کیا گیا ہے ۔ اس ریاست میں آگ کے باعث 10 افراد ہلاک ہوئے ۔ لیکن عہدیداروں نے بتایا کہ اموات کی قطعی تعداد کا علم نہیں ہے ۔ اوریگن میں آتشزدگی کے نتیجے میں بہت سے لوگ لاپتہ اور سیکڑوں افراد اپنے گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں۔نیوز ویب سائٹ ‘اوریگن لائیو’ نے ہفتے کے روز اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ جنگلات میں لگی آگ 10 لاکھ ایکڑ رقبے میں پھیل چکی ہے ۔ یہ رقبہ 10 برسوں میں ہر سال آگ سے تباہ ہونے والے جنگل کے اوسط رقبہ سے دوگنا ہے ۔ آتشزدگی کے باعث 40 ہزار سے زائد افراد کو اپنا گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف بھاگنا پڑا ہے ۔آگ کی وجہ سے اوریگن کا سب سے بڑا شہر پورٹ لینڈ میں ہوا کا معیار ہفتہ کی صبح دنیا بھر میں بدترین تھا۔ یہاں کے محکمہ موسمیات نے رواں ہفتہ کے آخر تک ہوا کے خراب معیار کی پیش گوئی کی ہے ۔ ماہرین صحت نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر ضروری نہ ہو تو گھروں کو نہ چھوڑیں۔