لندن، 20 مارچ (یو این آئی) امریکہ کے اتحادی ممالک برطانیہ، فرانس، جرمنی اور جاپان سمیت چھ بڑی عالمی طاقتوں کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرگاہ کو یقینی بنانے کی مناسب کوششوں میں حصہ ڈالنے کیلئے تیار ہیں۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی مؤثر ناکہ بندی کی گئی ہے ۔ اس گزرگاہ سے عام حالات میں دنیا کے تقریباً پانچویں حصے کے خام تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل ہوتی ہے ۔ رپورٹس کے مطابق یہ تنازع 28 فروری کو اس وقت شروع ہوا جب امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر جنگ مسلط کردی، جس کے جواب میں تہران نے خلیجی خطے میں امریکی مفادات پر حملے شروع کر دیئے۔ بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے مطابق اس صورتحال کے باعث تقریباً 20 ہزار ملاح 3,200 کے قریب جہازوں پر آبنائے کے مغرب میں پھنسے ہوئے ہیں۔ امریکہ کے اتحادی ممالک کا بیان امریکی صدرڈونالڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد سامنے آیا ہے جب ٹرمپ نے نیٹو ممالک کے انکار کو احمقانہ غلطی قرار دیا تھا۔ یاد رہے کہ جاپان کے علاوہ تمام دستخط کنندگان نیٹوکے رکن ممالک ہیں۔