تہران : ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکہ کی جانب سے تہران پر نئی پابندیاں عائد کیے جانے پر ان امریکی اقدامات کو ’وحشیانہ‘ قرار دیا ہے۔ صدر روحانی نے سرکاری ٹی وی پر شدید غصے میں کہا کہ امریکیوں نے ایران کو کروڑوں ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام وائٹ ہاؤس کے خلاف اپنے غصے کا اظہار کریں۔ واشنگٹن نے رواں ہفتے ایرانی وزارت دفاع اور اس کے نیوکلیئر پروگرام سے وابستہ کئی شخصیات پر نئی پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ اس کیساتھ ہی متعدد ایرانی عہدیداروں و اداروں کو انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے الزام میں بلیک لسٹ بھی کر دیا گیا تھا۔ واشنگٹن ۔تہران کشیدگی اس وقت سے دوبارہ عروج پر ہے، جب ٹرمپ نے 2018ء میں ایرانی نیوکلیئر پروگرام سے متعلق بین الاقوامی معاہدے سے واشنگٹن کی یکطرفہ علیحدگی کا اعلان کر دیا تھا۔
