امریکہ کے ایک پارک میں سکھ شخص کا قتل، قاتل فرار

   

Ferty9 Clinic

واشنگٹن ۔ 28 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان سے تعلق رکھنے والے ایک 64 سالہ سکھ کو کیلیفورنیا میں ایک نامعلوم شخص نے چاقو گھونپ کر اس وقت ہلاک کردیا جب پرمجیت سنگھ نامی سکھ شخص شام کے وقت چہل قدمی کر رہا تھا ۔ اے بی سی نیوز کے مطابق پرمجیت سنگھ کے زخم اتنے گہرے تھے کہ وہ دوران علاج جانبر نہ ہوسکا ۔ اب تک پولیس نے کسی بھی مشتبہ شخص کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ہے جبکہ سکھ برادری سے یہ خواہش کی گئی ہے کہ وہ ویڈیو / سی سی ٹی وی کی مدد سے قاتل کو پکڑنے میں پولیس کی مدد کریں۔ ویڈیو میں ایک شخص کو پارک کی دیوار پھاندتے اور وہاں سے تیزی کے ساتھ فرار ہوتے دکھایا گیا ہے ۔ پو لیس کے ترجمان لیفٹننٹ ٹریوین فرٹیاس نے ویڈیو میں موجود فرار ہونے والے شخص کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کی خواہش کی ہے کہ وہ پارک میں کیوں آیا تھا ۔ آس پاس کے لوگوں نے کیا دیکھا وغیرہ ، حملہ کے وقت پرمجیت سنگھ پگڑی پہنا ہوا تھا جس کے بارے میں آس پاس کے رہنے والوں کا یہ تاثر ہے کہ اس پر محض سکھ ہونے کی وجہ سے حملہ کیا گیا ۔ تاہم پولیس نے اس حملہ کو ’’نفرت انگیز جرم‘‘ قرار نہیں دیا ہے ۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔