امریکہ کے بعد آسٹریلیا کی فوج بھی افغانستان سے کوچ کر گئی

   

کابل؍اسلام آباد : افغانستان سے امریکی اور غیر ملکی افواج کے جاری انخلا کے دوران طالبان کے بڑھتے ہوئے حملوں اور ملک کے بیشتر حصوں پر قابض ہونے کے بعد ہندوستان ، چین نے اپنے شہریوں اور آسٹریلیا نے اپنے فوجیوں کو جنگ زدہ ملک سے نکالنا شروع کر دیا ہے۔ دوسری جانب آسٹریلیا کے وزیر دفاع نے اتوار کو افغانستان کی 20 سالہ جنگ میں اپنے ملک کی شمولیت کے خاتمے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فوجیوں کی واپسی ’حالیہ ہفتوں میں‘ عمل میں لائی گئی ہے۔ آسٹریلیا نے اپریل میں اعلان کیا تھا کہ وہ افغانستان میں اپنی فوجی کارروائیوں کے خاتمے کے انخلا کے امریکی فیصلے کی طرح ستمبر تک اپنی بقیہ فوجیں بھی نکال لے گا۔اے ایف پی کے مطابق وزیر دفاع پیٹر ڈٹن نے اسکائی نیوز کو بتایا کہ آسٹریلیا کے آخری 80 معاون اہلکار بھی ’حالیہ ہفتوں میں‘ افغانستان سے نکال لیے گئے ہیں۔آسٹریلیا نے افغانستان میں طالبان اور دیگر دہشت گرد گروپس کے خلاف امریکی اور ناٹو تنظیم کی زیرقیادت کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے گذشتہ 20 سالوں میں اپنے 39 ہزار فوجی تعینات کیے تھے۔ اس مشن پر ملک کے اربوں ڈالر خرچ ہوئے اور 41 آسٹریلوی فوجی ہلاک ہوگئے۔