امریکہ کے ساتھ امن مذاکرات پر مطمئن: طالبان

   

کابل 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) طالبان نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ اْن کا رابطہ بحال ہے، جس میں وہ مذاکرات کر رہے ہیں آیا افغانستان میں ”لڑائی اور غیرقانونی قبضے” کا کس طرح خاتمہ لایا جا سکتا ہے۔ اْنھوں نے ایک بار پھر کابل میں حکومت کے ساتھ کسی براہِ راست بات چیت کے امکان کو مسترد کیا ہے۔طالبان کے ترجمان، ذبیح اللہ مجاہد نے ‘وائس آف امریکہ’ کو بتایا کہ ”امریکہ کے ساتھ گفتگو کا ایک نیا دور ہونے والا ہے۔ لیکن، اس کی تاریخ اور مقام کا تعین ابھی نہیں ہوا”۔اْنھوں نے اِن رپورٹوں کو ”جھوٹے دعوے” قرار دے کر مسترد کیا کہ اس ماہ کے اواخر میں باغی گروپ کے مذاکرات کار سعودی عرب میں افغان اہلکاروں کے ساتھ براہ راست مذاکرات پر تیار ہیں۔