تہران، یکم مئی (یو این آئی)ایران نے کہا ہے کہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے ساتھ جوہری مذاکرات جمعہ کے روز روم میں کئے جائیں گے ۔ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بدھ کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ان مذاکرات کا مقصد تہران اور واشنگٹن کے درمیان جاری اہم جوہری مذاکرات کے دوران کشیدہ تعلقات کو بہتر بنانا ہے ۔ملاقات رواں ہفتے کے آخر میں اٹلی میں ایران اور امریکہ کے درمیان متوقع چوتھے دور کے جوہری مذاکرات سے پہلے ہوگی۔عراقچی نے سرکاری ذرائع ابلاغ کے لئے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ “میرے خیال میں تین یورپی ممالک ، جوہری مذاکرات کے معاملے میں غلط پالیسیوں کی وجہ سے ، اپنی حیثیت کھو چُکے ہیں۔ البتہ، ہم یہ نہیں چاہتے اور روم میں ان کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں”۔