تہران ۔ 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے صدر حسن روحانی نے پیر کی شب تاخیر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ بات چیت اور سفارت کاری کی تائید کرتے ہیں مگر موجودہ حالات میں ان دونوں امور کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔ایرانی خبر رساں ایجنسی (اِرنا) کے مطابق روحانی کا کہنا ہے کہ “آج صورت حال بات چیت کرنے کے لیے موزوں نہیں ہیں لہذا ہمارا متبادل مزاحمت ہے”۔ایرانی صدر نے دو ہفتے قبل باور کرایا تھا کہ ان کے ملک کو غیر معمولی جنگ درپیش ہے۔ انہوں نے ملک میں سیاسی گروپوں کے درمیان یک جہتی کا مطالبہ کیا تھا تا کہ موجودہ حالات سے نمٹا جا سکے جو روحانی کے نزدیک عراق کے ساتھ جنگ کے دوران ملکی صورت حال سے زیادہ دشوار ہو چکے ہیں۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کے روز کہا کہ اْن کا ملک ایران کے ساتھ بات چیت کے لیے کوشاں نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر تہران مذاکرات کا ارادہ رکھتا ہے تو اس پر لازم ہے کہ اس سلسلے میں پہلا قدم اٹھائے۔ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ “نیوز میڈیا نے حسب عادت بنا معلومات حاصل کیے جھوٹی خبر پھیلائی کہ امریکہ ،، ایران کے ساتھ مذاکرات کی کوشش کر رہا ہے .. یہ جھوٹی رپورٹ ہے۔ ایران جب اس کے لیے تیار ہو گا تو وہ خود ہم سے رابطہ کرے گا۔ اس انتظار میں اس کی معیشت کے ڈھیر ہونے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ میں ایرانی عوام کے حوالے سے بہت رنجیدہ ہوں۔!