امریکہ کے ساتھ تجارتی جنگ ،چین کی جزوی کامیابی

   

واشنگٹن ۔16 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام ) چین اور امریکہ کے درمیان تجارتی جنگ کا سلسلہ جاری ہے، کبھی یہ جنگ شدت اختیار کرجاتی ہے تو کبھی ایسا لگتا ہے کہ اس کا کوئی نہ کوئی حل نکل آئے گا لیکن ایک بات ضرور ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ چین کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے کے خواہاں ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ امریکہ اور چین کی باہمی تجارت سے چین کو جو زیادہ فائدہ ہو رہا ہے۔ اس کے حجم میں کمی آئے۔ لیکن اب جو رپورٹس آرہی ہیں اس سے پتہ چلتا ہے کہ اس جنگ میں چین نے جزوی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ امریکہ نے واشنگٹن میں امریکی اور چینی عہدہ داروں درمیان تجارتی اختلافات پر بات چیت کے دو دن بعد چینی درآمدات پر آئندہ کئے جانے والے محاصل اضافے کو معطل کرنے سے اتفاق کرلیا ہے، لیکن اس نے چین کا یہ مطالبہ قبول نہیں کیا جس میں امریکہ پر زور دیا گیا تھا کہ وہ چینی درآمدات پر عائد تمام اضافی محاصل مکمل طور پر برخواست کرے۔ مبصرین کے خیال میں اس تجارتی جنگ میں چین کو اب تک جزوی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ امریکہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ 250 ارب ڈالرس مالیتی چینی اشیاء پر نئے محاصل عائد کرے گا لیکن واشنگٹن میں فریقین کی بات چیت کے بعد اس منصوبہ کو معطل رکھنے امریکہ نے فیصلہ کیا ہے۔ جواب میں بیجنگ 40 تا 50 ارب امریکی ڈالرس مالیتی فارم کی خرید کرے گا جن میں سویابین اور خنزیر کے گوشت سے تیار اشیاء شامل ہیں۔