ممبئی، 23 اکتوبر (یو این آئی) امریکہ کے ساتھ جلد تجارتی معاہدے کی امید پر، گھریلو اسٹاک مارکیٹوں میں جمعرات کو ابتدائی تجارت میں ریکارڈ توڑ تیزی دیکھنے میں آئی اور بی ایس ای کا سینسیکس پہلی بار 85000 اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی-50 انڈیکس پہلی بار 26000 پوائنٹس کو عبور کر گیا۔سینسیکس 727.81 پوائنٹس کے ساتھ 85154.15 پوائنٹس پر کھلا۔ خبر کو لکھنے کے وقت یہ 752.53 پوائنٹس (0.89 فیصد) کے اضافے سے 85178.87 پوائنٹس پر تھا۔اسی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی 50 انڈیکس بھی 188.60 پوائنٹس کے اضافے سے 26057.20 پوائنٹس پر کھلا۔ تادم تحریر یہ 218.75 پوائنٹس یعنی 0.85 فیصد اضافے کے ساتھ 26087.35 پوائنٹس پر تھا۔میڈیا میں بدھ کو خبر آئی تھی کہ امریکہ کے ساتھ ہندوستان کا تجارتی معاہدہ جلد ہونے والا ہے اور ہندوستانی اشیا پر امریکہ کی طرف سے عائد کردہ درآمدی ڈیوٹی 50 فیصد سے کم کرکے 15فیصد کے آس پاس ہونے کی امید ہے ۔اس خبر کا اثر جمعرات کے آغاز سے ہی مارکیٹ پر نظر آیا۔ آئی ٹی، ایف ایم سی جی، بینکنگ، اور دھاتی شعبوں میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا۔ دیگرسیکٹرز انڈیکس بھی سبز نشان میں رہے ۔فی الحال سینسیکس کے اضافے میں انفوسس، ایچ ڈی ایف سی، ریلائنس انڈسٹریز، ایکسس بینک، کوٹک مہیندرا بینک اور آئی ٹی سی کا حصہ سب سے زیادہ تھا۔