ماسکو ۔ روسی صدر ولادمیر پیوٹن نے تعلقات کی بہتری کے لیے امریکہ سے مذاکرات جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اسے امریکی حکومت کی خواہش سے مشروط کردیا۔روسی صدر کا یہ بیان ان کی امریکی صدر جوبائیڈن سے 16 جون کو جنیوا میں ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔دونوں رہنماؤں نے سرد جنگ کے خاتمے کے بعد دونوں ممالک میں بڑھتے ہوئے تناؤ کو کم کرنے کے لیے ملاقات کی تھی، جسے قدرے دوستانہ ملاقات قرار دیا گیا تھا۔مذکورہ ملاقات کے بعد روسی صدر نے امریکہ سے تعلقات کی بہتری کے لیے مزید مذاکرات کو امریکی خواہش سے مشروط کرنے کا بیان دیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق،ولادمیر پیوٹن نے امریکی صدر جوبائیڈن سے 16 جون کو ہونے والی ملاقات کے بعد ملکی ٹی وی پر خطاب کے دوران امریکی حکومت سے مذاکرات کو جاری رکھنے سے متعلق بات کی۔ولادمیر پیوٹن نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر امریکہ تیار ہے تو روس بھی ان کے ساتھ تعلقات کی بہتری کے لیے مزید مذاکرات کرنے کو تیار ہے۔انہوں نے جوبائیڈن سے ہونے والی ملاقات پر بات کرتے ہوئے اسے دوستانہ ملاقات قرار دیا اور کہا کہ ملاقات کے بعد دونوں رہنما دونوں ممالک کے اہم مسائل کو سمجھنے میں کامیاب رہے۔ولادمیر پیوٹن نے جوبائیڈن کی تعریف کرتے ہوئے انہیں پیشہ ورانہ قرار دیا اور ساتھ ہی کہا کہ ان کے ساتھ کام کرنے کے دوران ہر کسی کو محتاط رہنا پڑتا ہے تاکہ کوئی غلطی نہ ہو۔