امریکہ کے سامنے سر جھکانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا:ایران

   

تہران۔24؍اگست ( ایجنسیز ) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکہ پر پھر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن ایران کو جھکانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن کسی بھی صورت میں امریکہ کے سامنے سرِ تسلیم خم نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے حامی ممالک اور گروپوں سے اپیل کی کہ وہ یکجہتی کے ساتھ امریکی منصوبوں کا مقابلہ کریں۔ یہ بیان سپریم لیڈر کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کیا گیا۔خامنہ ای نے کہا کہ جون میں ایران کے جوہری مراکز پر اسرائیل اور امریکہ کے حملے نے ایران کو جوابی اقدام پر مجبور کیا۔ ان کے مطابق امریکہ نے تہران کو غیر مستحکم کرنے کیلئے منصوبہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کی اصل خواہش یہی ہے کہ ایران اس کے آگے سر جھکا دے مگر ایران نے یہ واضح کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی دباؤ کو قبول نہیں کرے گا۔ اسرائیلی حملوں کے بعد ایرانی عوام اور حکومت اپنی فوج کے دشمنوں کو سخت جواب دیں گے۔