انقرہ واشنگٹن /28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) تْرک صدر رجب طیب اِردوان نے کہا ہے کہ انقرہ حکومت اپنے دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی اور نہ ہی وہ اس معاملے میں امریکہ کی محتاج ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق انقرہ میں حکمراں جماعت کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے صدر اِردوان نے کہا کہ واشنگٹن حکومت کی جانب سے ترکی کو ایف 35 طیاروں کے پروگرام سے نکالنے کے نتیجے میں ہم اپنے فیصلے تبدیل نہیں کر سکتے۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل بھی ترک صدر نے دو ٹوک موقف کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ اگر امریکہ نے ایف 35 طیارے دینے سے انکار کیا تو ہمارے پاس دیگر ذرائع موجود ہیں اور ہم اس حوالے سے کسی اور ملک سے رجوع کریں گے۔ واضح رہے کہ روس سے اینٹی میزائل دفاعی نظام خریدنے کی وجہ سے امریکا نے ترکی کو دھمکی دے رکھی ہے کہ وہ اسے ایف 35 طیارے فروخت نہیں کرے گا، اس حوالے سے دونوں ممالک کے مابین کشیدگی بدستور موجود ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ روس سے ایس۔400 فضائی دفاعی نظام خریدنے پر ترکی کو مورد ِ الزام نہیں ٹھہراتے۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ٹرمپ نے ایس۔400 کی خریداری کے حوالے سے جائزے پیش کیے۔ ٹرمپ نے ترکی کی جانب سے کئی ارب امریکی ڈالر ز کے عوض 125 ایف۔35 جنگی طیاروں کی خریداری سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک کٹھن صورتحال ہے اور میں ترکی پر ایس 400 کی خریداری کا الزام نہیں لگاتا کیوں کہ سابق صدر بارک اوباما کے دور سے چلے آنے والے کئی مسائل در پیش ہیں اور یہ گھمبیر معاملہ بھی اوباما انتظامیہ کی پیداوار ہے۔
