جنیوا ۔ 16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی رفیوجی ایجنسی نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جانب سے پناہ دیئے جانے پر عائد کئی پابندیاں تشویش کا باعث ہے جس سے پناہ گزینوں کا ایسا طبقہ جو کمزور ہے، انہیں خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ یاد رہیکہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا تھا جس میں واضح طور پر کہا گیا تھا کہ یو ایس ۔ میکسیکو سرحد پر آنے والے تارکین وطن کو تحفظ فراہم نہیں کیا جائے گا اور اس کا اطلاق منگل سے ہی کیا جائے گا تاہم ان پابندیوں کے ایسے تارکین وطن ؍ پناہ گزینوں پر راست منفی اثرات مرتب ہوں گے جو وسطی امریکہ میں جاری تشدد اور غربت سے راہ فرار اختیار کررہے ہیں اور انہیں یقینی طور پر قانونی کشاکش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ منصوبہ کے مطابق وہ تارکین وطن جو کسی دیگر ملک سے گزرتے ہیں اور امریکہ آنے کیلئے اگر وہ براہ میکسیکو آتے ہیں تو میکسیکو میں ان کا قیام غیرقانونی تصور کیا جائے گا۔
