حیدرآباد۔/2 جون، ( سیاست نیوز) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ایک طالبہ امریکہ کے کیلی فورنیا میں 28 مئی سے لاپتہ ہے۔ میڈیا کی اطلاعات کے مطابق 23 سالہ نیتشا کندولہ جو کیلی فورنیا اسٹیٹ یونیورسٹی کی طالبہ ہے لاس اینجلس کیلی فورنیا سے لاپتہ بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے طالبہ کی تلاش کا کام شروع کردیا ہے اور اس بارے میں اطلاع دینے کیلئے اپنا فون نمبر جاری کیا ہے۔ حال ہی میں شکاگو میں ایک 25 سالہ نوجوان لاپتہ ہوگیا تھا جس کا تلنگانہ سے تعلق بتایا جاتا ہے۔ روپیش چندرا کونکورڈیا یونیورسٹی وسکونسن میں ماسٹرس ڈگری کی تکمیل کررہا ہے۔ اس سے قبل حیدرآباد کا 25 سالہ طالب علم محمد عبدالعرفات کلائیو لینڈ میں لاپتہ ہوگئے تھے بعد میں ان کی نعش دستیاب ہوئی۔ امریکہ میں حالیہ عرصہ میں ہندوستانی طلبہ کی گمشدگی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور سڑک حادثہ میں اموات کی اطلاعات ملی ہیں۔ گذشتہ سال حیدرآباد کی 24 سالہ پرتیکشا کنور جو ماسٹرس کی ڈگری کی طالبہ ہے کنساس میں حادثہ کا شکار ہوگئی تھی۔1