واشنگٹن، 26دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست منی سوٹا کے منی پولس میں ایک ہوٹل میں آگ لگنے کے واقعہ کے بعد ارد گرد کے تقریباً 250 لوگوں کو باہر نکالا گیا جبکہ تین افراد کو بیہوشی کی حالت میں ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے ۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سہ منزلہ ہوٹل فرانسس ڈریک کی عمارت میں صبح تین بجے آگ لگ گئی۔ واقعہ کے فوراً بعد سیکورٹی کے پیش نظر ارد گرد رہنے والے تقریباً 250 لوگوں کو دوسری جگہ لے جا کر ٹھہرایا گیا۔ فائر بریگیڈ کے ایک افسر نے بتایا کہ حادثہ کے دوران بیہوش ہونے والے تین افراد کو ہاسپٹل میں داخل کرایا گیاہے ۔جبکہ سات افراد کا موقع پر علاج کیا گیا۔ہوٹل میں آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی پتہ نہیں چل پایا ہے۔
بحراوقیانوس میں 5.8شدت کا زلزلہ
نیویارک، 26 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوب مشرقی بحر اوقیانوس کے علاقہ میں چہارشنبہ کو زلزلہ کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریخترپیما پر زلزلہ کی شدت 5.8 تھی۔زلزلہ کا مرکز 25.2639ڈگری جنوبی عرض البلد اور 116.0112 ڈگری مغربی عرض البلد میں سمندر میں 10کلومیٹر کی گہرائی میں واقع تھا۔