صنعا: امریکہ کی جانب سے یمن کے شہر سعدہ پر حملے کئے گئے ہیں، حملے میں سعدہ گورنریٹ کو نشانہ بنایا گیا، حملوں کے بعد جنگ کی شدت بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ حوثیوں کی اکثریتی تنظیم انصار اللّٰہ کے رہنما کا کہنا ہے کہ امریکہ نے یمن کے 10 مقامات کو ٹارگٹ کیا ہے ۔ہم امریکہ کے ساتھ حالت جنگ میں ہیں، جنگ کی شدت میں مزید اضافے کا امکان موجود ہے ۔متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب جنگ میں غیر جانبدار رہیں، غزہ کا محاصرہ ختم ہوئے بغیر جنگ ختم نہیں ہوگی۔اتوار کو یمن میں ہونے والے امریکی حملوں سے ہونے والی تباہی کی مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں، مقامی حکام نے کہا ہے امریکی افواج نے صعدہ شہر میں کینسر کے مرکز پر کئی فضائی حملے کیے ، جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔سعدہ کے گورنر محمد عواد نے مقامی حکام کے ایک اجلاس کو بتایا کہ کئی رہائشی محلے بھی حملے سے متاثر ہوئے ہیں۔گورنر نے کہا کہ رہائشی محلوں اور کینسر اسپتال جیسی شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا امریکی فوج کی ناکامی کو ثابت کرتا ہے ، اور اس سے پتا چلتا ہے کہ دشمن الجھن میں گرفتار ہے ، اور اس کا چہرہ بدنما اور مجرمانہ ہے ۔