امریکہ ہمارے خلاف چین کا سہارا لے رہا ہے:حوثی گروپ

   

صنعاء: گذشتہ اکتوبر سے غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں بحیرہ احمر اور خطے میں عام طور پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں یمنی حوثی گروپ نے کہا ہیکہ وہ اسرائیل کی طرف جانے والے جہازوں کو نشانہ بنانا جاری رکھیں گے۔حوثیوں کے قائد عبدالمالک الحوثی نے جمعرات کو ایک تقریر میں کہا کہ اسرائیل جانے والے کسی بھی بحری جہاز کو نشانہ بنانے کیلئے گروپ کی تیاری بہت زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ خود کو ایک مخمصے میں ڈال چکے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ بحیرہ احمرکے مشن میں امریکی اور برطانوی ناکامی کی ایک علامت واشنگٹن کی جانب سے چین سے ثالثی کی درخواست کرنے کی کوشش تھی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو ان کے گروپ کو اپنی کارروائیاں روکنے کیلئے چین سے مدد لینا پڑی تھی۔کچھ امریکی حکام نے پچھلے ہفتے اطلاع دی تھی کہ واشنگٹن نے بیجنگ سے کہا ہے کہ وہ تہران پر حوثیوں کے حملے روکنے کیلئے دباؤ ڈالے۔