حیدرآباد۔23جولائی (سیاست نیوز) اسرائیل دوست امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم نے ہندستانی معیشت کو تباہ کرنے کا انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ہندستانی معیشت کو تباہ کردے گا ۔امریکی سینیٹر نے فاکس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے ہندستان کو راست اس بات کا انتباہ دیا ہے کہ اگر ہندستان روس سے خام تیل کی خریداری کا سلسلہ جاری رکھتا ہے تو ایسی صور ت میں امریکی ڈونالڈ ٹرمپ انتظامیہ ہندستان کے علاوہ روس سے تیل خریدنے والے ممالک پر ٹیریف عائد کرنے کے معاملہ میں پیچھے نہیں ہٹے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان‘ چین ‘ برازیل کے علاوہ دیگر ممالک جو روس سے خام تیل خرید رہے ہیں وہ خبردار ہوجائیں کیونکہ ڈونالڈ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ان پر ٹیریف عائد کرنے کے معاملہ میں کوئی رعایت نہیں کی جائے گی بلکہ ہندستان پر 100 فیصد ٹیریف عائد کیا جائے گا۔بتایاجاتا ہے کہ لنڈسے گراہم نے امریکی ایوان میں روس پر تحدیدات عائد کرنے کے لئے جو بل روشناس کروایا ہے اس میں روس کے ساتھ تجارت کرنے والے ممالک پر 500 فیصد تک ٹیریف عائد کرنے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ امریکی سینیٹ میں اس بل کو منظوری حاصل ہوتی ہے تو ایسی صورت میں ہندستان اور چین جیسے ممالک جو کہ امریکہ سے تعلقات رکھتے ہوئے بھی روس سے تیل کی خریدی کرتے ہیں اور خام تیل کے معاملہ میں روس سے تجارت کو ترجیح دیتے ہیں ان پر ٹیریف عائد کئے جانے کی صورت میں معیشت تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔لنڈسے گراہم جو کہ اسرائیل نواز امریکی سینیٹ کی حیثیت سے اپنی منفرد شناخت رکھتے ہیںنے اپنے بیان میں کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو بند کروانے کے لئے کی جانے والی امریکی کوششوں کے باوجود روس کی جانب سے یوکرین پر حملے جاری رکھے جانے کے معاملہ میں شدت پسند سینیٹ نے جو موقف اختیار کیا ہے وہ ہندستان کی معیشت کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
لیکن اس کے باوجود حکومت ہند نے امریکی سینیٹ کے اس بیان پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی حکومت امریکہ یا ٹرمپ انتظامیہ سے کوئی احتجاج درج کروایا ہے۔3