نیویارک : امریکی ایئر لائنز نے ہوائی اڈوں کے اطراف میں 5جی نیٹ ورک نہ مہیا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہیں خدشہ ہے کہ 5جی لگانے سے بلندی کا انداز ہ کرنا مشکل ہو گا، جس کے سنگین نتائج بر آمد ہو سکتے ہیں۔امریکہ کی تقریباً تمام بڑی ایئر لائنز کے حکام نے 17 جنوری پیر کے روز خبردار کیا کہ اگر مواصلاتی کمپنیاں ہوائی اڈوں کے آس پاس 5جی ٹیکنالوجی کو محدود کیے بغیر ہی اسے مہیا کرتی ہیں، تو اس سے ان کی پروازوں کے آپریشن میں خلل پڑے گا اور اس سے ’’تباہ کن رکاوٹیں‘‘ کھڑی ہونے کا خدشہ ہے۔امریکہ میں 19 جنوری چہارشنبہ سے 5جی کو لانچ کیا جانا ہے تاہم ایئر لائنز چاہتی ہیں کہ ایئر پورٹ کے آس پاس اس کے نفاذ میں جلد بازی سے کام نہ لیا جائے اور اس سے متعلق ضروری احتیاطی تدابیر ہو نے تک اسے روک دیا جائے۔ہوائی جہاز کے مینوفیکچررز کو تشویش ہے کہ 5جی کا نیا نظام اونچائی کا اندازہ لگانے کی ان کی صلاحیت میں مداخلت پیدا کر سکتا ہے اور اسی وجہ سے ایئر لائنز کی تنبیہ کے سبب امریکہ میں موبائل سروسز فراہم کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی مواصلاتی کمپنی، ’اے ٹی اینڈ ٹی‘ اور ہورائزن دو بار پہلے ہی سی بینڈ کی اپنی 5جی سروسز کے لانچ کو موخر کر چکی ہیں۔