سفارتی حل پر زور‘ مشترکہ اعلامیہ میں برطانیہ، فرانس، اٹلی، جرمنی سمیت کئی ممالک شامل
لندن۔9 ؍اپریل (ایجنسیز )برطانیہ، فرانس، اٹلی، جرمنی، کینیڈا، ڈنمارک اور نیدرلینڈز سمیت دیگر عالمی رہنماؤں نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے امریکہ اور ایران کے درمیان 2 ہفتوں کی جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے۔اعلامیہ میں اسپین، یورپی کمیشن، یورپی کونسل اور جاپان کے رہنما بھی شامل ہیں۔ جنہوں نے اس پیشرفت کو مثبت قرار دیا۔مشترکہ اعلامیہ میں پاکستان اور دیگر شراکت دار ممالک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ کے جلد اور مستقل خاتمے کیلئے مذاکرات ناگزیر ہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بامعنی معاہدے کیلئے فوری پیشرفت ضروری ہے جو ناصرف ایران کے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گی بلکہ خطے میں سیکیورٹی کے قیام میں بھی مددگار ثابت ہو گی۔عالمی رہنماؤں نے کہا کہ اگر سفارتی کوششیں کامیاب ہو جائیں تو ایک ممکنہ عالمی توانائی بحران کو بھی روکا جا سکتا ہے۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ متعلقہ ممالک اس مقصد کے حصول کیلئے امریکہ اور دیگر شراکت داروں سے مسلسل رابطے میں ہیں اور تمام فریقین سے جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد کی اپیل کی گئی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ لبنان میں بھی جنگ بندی پر عمل درآمد یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے جبکہ آبنائے ہرمز میں آزادانہ جہاز رانی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔a/y