ماسکو: روس نے کہا ہے کہ اس کے اورامریکہ کے درمیان تعلقات ایک ‘خطرناک ٹکراو کے مقام’ پر پہنچ گئے ہیں اورواشنگٹن اس پر مستقل نظامی دباو بنانے کی کوشش کررہا ہے ۔روسی وزارت خارجہ کے کالیجیم کی میٹنگ کے بعد بدھ کو اس کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی حرکتوں کے سبب حالیہ برسوں میں روس اور امریکہ کے مابین تعلقات خراب ہورہے ہیں۔ روس پرامریکہ اوراس کے ساتھی ممالک نظامی دباو بنارہے ہیں، جو کافی حد تک نظریاتی عوامل سے متاثرہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کا رخ بین الاقوامی قانون کی سراسرخلاف ورزی کرتا ہے اوراس کی سخت مخالفت کی جائے گی۔ روس اپنے جائز مفادات برقرار رکھے گا۔وزارت کے مطابق، جینیوا میں روسی صدر ولادیمیر پوتن اوران کے امریکی ہم منصب جوبائیڈن کے درمیان جون میں ہوئی چوٹی کانفرنس سے یہ پتہ چلا کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک استحکام، موسمیاتی تبدیلی، سائبر سیکیورٹی اور علاقائی تنازعات کے حل جیسے شعبوں میں تعمیری بات چیت کو دوبارہ زندہ کرنے کے مواقع تھے ۔