امریکہ ۔میکسیکو سرحد پر ’تارکین وطن کا سیلاب‘

   

صدر بائیڈن کی 25 مارچ کو پناہ گزینوں کے بشمول مختلف مسائل پر پہلی باضابطہ نیوز کانفرنس

واشنگٹن : میکسیکو سے امریکہ کی سرحدوں میں داخل ہونے والے تنہا بچوںکی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے ، ان بچوں کی عمریں چھ سال تک ہیں ۔ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ امریکہ کو اس وقت اپنی جنوب مغربی سرحد پر گزشتہ دو دہائیوں کے تارکین وطن کے سب سے بڑے ریلے کا سامنا ہے۔ اس بارے میں امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی حکام نے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ کے بارڈر کنٹرول حکام کو میکسیکو سے امریکی سرحدی علاقے میں داخل ہونے والے بچوں کی بہت بڑی تعداد کو سنبھالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہ بچے تنہا سرحد پار کر کے امریکہ میں داخلے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہوم لینڈ سکیورٹی نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران میکسیکو اور دیگر پڑوسی ممالک کی طرف سے سرحدی گزرگاہوں سے دراندازی میں اضافہ ہوا ہے۔ دریں اثناء امریکہ کے صدر جو بائیڈن جمعرات 25 مارچ کو پہلی باضابطہ نیوز کانفرنس منعقد کریں گے جس میں وہ اپنی دو ماہ کی کارکردگی، حکومتی پالیسیوں اور کورونا وبا سے متعلق اپنی حکمت عملی واضح کریں گے۔ 20 جنوری کو صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد صحافیوں کے ساتھ سوالات اور جوابات کا باضابطہ سیشن نہ ہونے پر بائیڈن کو تنقید کا بھی سامنا رہا ہے۔عام طور پر امریکی صدور عہدہ سنبھالنے کے ایک ماہ کے اندر باضابطہ نیوز کانفرنس کرتے رہے ہیں۔امریکہ کے سابق صدر براک اوباما نے حلف اٹھانے کے 20 ویں روز جبکہ سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 27 ویں روز نیوز کانفرنس منعقد کی تھی۔پہلی پریس کانفرنس کے دوران بائیڈن کو کورونا وبا کے علاوہ امریکی سرحدوں پر پناہ گزین بچوں کے بڑھتے ہوئے ہجوم کے علاوہ دیگر مسائل پر سوالات کا سامنا بھی متوقع ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے نیوز کانفرنس کی تاریخ کا اعلان کیا۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے کام کے دباؤ اور دیگر مصروفیات کے باعث صدر بائیڈن باضابطہ نیوز کانفرنس منعقد نہیں کر سکے۔ ساکی نے کہا کہ صدر کی تمام تر توجہ 19 کھرب ڈالر کے کورونا ریلیف پیکج کی کانگریس سے منظوری کے بعد امریکی عوام تک اس کے بروقت فوائد پہنچانے پر مرکوز ہے۔بعض ری پبلکن قائدین اور ناقدین بھی بائیڈن پر زور دے رہے تھے کہ وہ باضابطہ نیوز کانفرنس منعقد کریں کیونکہ ان روایتی پریس کانفرنس کے ذریعے صدر خود کو عوام کے سامنے جواب دہ ٹھہراتے ہیں۔