امریکہ ۔پاکستان کو دیڑھ کروڑ ڈالر دیگا

   

واشنگٹن ۔ 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی سفارتخانے کے حکام کے مطابق پاکستان اور امریکہ شروع سے اتحادی رہے ہیں، اس وقت جب دنیا کو کورونا وائرس کی وبا کا سامنا ہے دونوں ممالک ایک مرتبہ پھر فرنٹ لائن پارٹنربن کر ابھرے ہیں۔پاکستان کو نان نیٹو اتحادی قرار دے کر دفاعی اور ترقیاتی امداد فراہم کرنے سے لے کر ماضی میں جب بھی ضروت پڑی امریکہ پاکستان کی مدد کرنے میں مستعد رہا ہے۔ اب جبکہ دونوں ممالک کو کورونا کا سامنا ہے امریکہ ایک مرتبہ پھر پاکستان کو اس وبا سے نمٹنے کیلیے امداد فراہم کر رہا ہے۔ دنیا میں کورونا کے پھیلاؤ کے ساتھ ہی امریکہ نے فوری طور پر پاکستان کو ایمرجنسی کورونا وائرس معاونت کیلیے ترجیحی ملک قرار دیدیا۔امریکی حکام کے مطابق پاکستان اور امریکہ میں صحت کے شعبے میں دیرینہ شراکت داری کا آغاز ہیلتھ کیئر ورکرز کو تربیت دینے اور 20لاکھ ڈالر کی فنڈنگ سے فوری ضرورت کی حامل لیب اور ایمرجنسی سپلائز فراہم کرنے سے ہوا۔